
ایشیا کپ کے شیڈول کے معاملات طے: فائنل کو بارش سے بچانے کے لیے ریزرو ڈے مختص

Dunya News
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) آئندہ ماہ پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کل کرے گی۔
میچ کی تاریخوں اور ٹورنامنٹ کے مکمل پروگرام کا اعلان براڈ کاسٹرز اور اسپانسرز کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا، ایشیا کپ پاکستان میں شروع ہوگا۔
ایشیا کپ کا انعقاد پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کیا جا رہا ہے جس میں پہلے 4 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ بقیہ 9 میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
اب ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے چاروں میچز لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جب کہ سری لنکا کے 9 میں سے 2 میچ سینٹرز دمبولا اور پالیکالے میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فائنل کو بارش سے بچانے کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
ایشیا کپ 31 اگست سے پاکستان میں شروع ہوگا اور 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔