
چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور جے شاہ کے درمیان آج ملاقات طے۔

Dunya News
دبئی: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور اے سی سی کے صدر اور سیکریٹری بھارتی بورڈ جے شاہ آج ملاقات کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ذکا اشرف اور جے شاہ کے درمیان ملاقات آئی سی سی اجلاسوں کے موقع پر طے ہے، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو میٹنگز آج سے ڈربن میں شروع ہو رہی ہیں۔
ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے معاملات کے بعد پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ حکام پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔ ملاقات میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔
ذکا اشرف اور جے شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز کی تعداد بڑھانے پر بات ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے میچز کے مقام پر بھی بات ہو گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی احسان مزاری نے پاکستان کے ورلڈ کپ کے میچز غیر جانبدار مقام پر کھیلنے کی بات کی تھی جب کہ پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت درکار ہے۔