پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے: وزیر دفاع
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ہرحربہ ناکام ہوا، عسکری تنصیبات پر حملہ عمران خان کا آخری حربہ تھا، 9 مئی کے واقعات اچانک نہیں پلاننگ کے تحت ہوئے ہیں، 9 مئی کو ہونے والے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے گھناؤنے مقاصد تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے گھناؤنے عزائم تھے جو کسی بھارتی کے ہوسکتے ہیں پاکستانی کے نہیں، جائزہ لیا جا رہا ہےکہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے، پی ٹی آئی نے ریاست کو چیلنج کیا ہے، ریاست کی اساس پر حملہ کیا گیا، کون سا جرم ہے جو ۹ مئی کونہیں ہوا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی پرپابندی سے متعلق فیصلہ ہوا توپارلیمنٹ سے رجوع کیا جائےگا، عمران خان کی جانب سےکۓ گۓ اقدامات بھارت میں خوشی کا سبب بنے، جوکام بھارت پاکستان کے ساتھ نہ کرسکا وہ عمران خان نےکردیا۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ ہم عمران خان کوکوئی نقصان نہیں پہنچاسکے، عمران خان کے نقصانات کی وجہ انکے اپنے اقدامات ہیں، عمران خان کہتےہیں کہ ۹ مئی کے واقعات کا انہیں علم نہیں تھا، اب کہہ چکے ہیں کہ اگر انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تو دوبارہ ری ایکشن آئےگا، عمران خان اتنا معصوم بننے کی کوشش نہ کریں، عمران خان نے ایک جوا کھیلا جو وہ ہار گئے ہیں اب حیلے بہانے کرکے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔