
نویں جائزے کی کامیابی کیلئے پاکستان کو اضافی فنڈنگ کی ضرورت: ترجمان آئی ایم ایف

واشنگٹن: ترجمان آئی ایم ایف نے کہا ہےکہ 9 ویں جائزے کی کامیابی کے لیے پاکستان کو اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔
آئی ایم ایف کے ترجمان نے واشنگٹن میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کو عملے کی سطح کے معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل دوست ممالک سے رقم کی یقین دہانی کی ضرورت ہے، پاکستان کے بیرونی شراکت داروں کی جانب سے طے شدہ فنانسنگ خوش آئند ہے اور دوست ممالک سے پاکستان کی فنڈنگ کا خیر مقدم کریں گے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کو نویں جائزے کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے اضافی نقد رقم کی ضرورت ہے۔ حکام 9 ویں جائزے کو مکمل کرنے کیلئے پروگرام کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اورپاکستانی حکام کےساتھ قرض پروگرام کی بحالی کےلیےمسلسل کوششوں میں مصروف ہیں، پاکستان کو بیلنس آف پے منٹس کے لیے ادائیگیوں کی ضرورت ہے۔
آئی ایم ایف کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت جمود کا شکار ہے، پاکستان کے بہت سے مالی مطالبات ہیں، پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کے حوالے سے اہم مسائل درپیش ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سیلاب سے ہونے والے زبردست معاشی نقصان کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مزید سبسڈی اور ٹیکس میں چھوٹ دینے سے قاصر ہے۔