
گھر کی دیوار سے کروڑوں روپے برآمد۔
فرید آباد: ہندوستان کے محکمہ جی ایس ٹی کی ایک ٹیم نے ایک تاجر کے گھر کی تلاشی لی، گھر کی دیوار سے 3 کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ جی ایس ٹی کی ٹیم نے ہریانہ کے فرید آباد میں ایک تاجر کے گھر کی تلاشی لی، جس میں تین کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ تاجر نے یہ روپے دیواروں کے اندر چھپا رکھے تھے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق فرید آباد کے سیکٹر 9 میں جی ایس ٹی ٹیم کو ایک تاجر کے گھر کی دیوار میں دبی رقم کی اطلاع ملی۔ جب اسکواڈ تاجر کے گھر پہنچا تو اس نے دیوار توڑ کر نقدی کا ڈھیر ظاہر کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جی ایس ٹی ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے تاجر کے گھر کی دیوار گرا کر بھاری رقم ضبط کی تو اسے گننے کے لیے مشینیں طلب کر لی گئیں۔ اس کے بعد رقم انکم ٹیکس ٹیم کے حوالے کردی گئی۔
تفتیش کے مطابق تاجر چھ فیکٹریوں کو کنٹرول کرتا ہے لیکن انکم ٹیکس رپورٹ جمع نہ کروا کر ٹیکس چوری کر رہا تھا۔