
سلمان سے وعدہ کرکے انکی جگہ کس اداکار کو ایوارڈ دیا گیا؟ سلمان خان نے خود بتادیا

indiatoday
بالی وڈ کے سپراسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی سپر ہٹ فلم ‘میں نے پیار کیا’ کے لیے انہیں بہترین اداکار کا ایوارڈ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو پورا نہیں کیا گیا۔
ممبئی میں 68 ویں فلم فیئر ایوارڈز کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران سلمان خان نے بتایہ کہ فلم فیئر کی ٹیم نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا جائے گا اور انہیں ایوارڈز کی تقریب میں آنے کا دعوت نامہ دیا گیا۔
اداکار نے پریس کانفرنس میں کہا ‘مجھے ایوارڈز میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، میں نے کبھی ایوارڈ نہیں جیت، میں دلچسپی رکھتا ہوں، جو میرے مداح مجھے پیار اور عزت کی صورت میں دیتے ہیں’۔
سلمان خان نے بتایا کہ میں ایڈیٹر کا نام نہیں لوں گا لیکن یہ واقعہ فلم میں نے پیار کیا کے بعد پیش آیا تو آپ اندازہ لگالیں کہ کون ہوگا، مجھ سے وعدہ کیا گیا کہ آپ کو ایوارڈ دیا جائے گا، میں اپنے والد اور پورے خاندان کے ساتھ تقریب میں گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا اور جب بہترین اداکار کو بلانے کا وقت آیا تو میں کھڑا ہونے لگا، اتنے میں میری جگہ جیکی شروف کو ایوارڈ دے دیا گیا’۔
انہوں نے کہا ‘میرے والد بولے یہ کیا ہے؟ مجھے اس رات اسٹیج پر پرفارم بھی کرنا تھا، میں بیک اسٹیج گیا اور ایڈیٹر سے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے، میں یہ نہیں کروں گا جس پر اس نے کہا آپ کو پرفارم کرنا پڑے گا، جس پر میں نے کہا نہیں میں پرفارم نہیں کروں گا’۔