
سعودی عرب پاکستان کو 2 ارب ڈالر دے گا، آئی ایم ایف کی تصدیق

Urdu Geo
اسلام آباد: آئی ایم ایف کی تصدیق کے تحت سعودی عرب پاکستان کو 2؍ ارب ڈالرز دے گا، متحدہ عرب امارات سے بھی فنڈنگ کا انتظار ہے اس کے علاوہ اضافی ایک ارب ڈالر کے ڈیپازٹس پر بھی نظریں مرکوز۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سستا پٹرول تجویز ختم کرنا ہوگی، فیول پر سبسڈی آئی ایم ایف سے معاہدے میں رکاوٹ ہے جبکہ حکومت کی جانب تاحال کوئی حکمت عملی جاری نہیں کی گئ۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے شرائط پوری ہونے پر آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا۔
ورلڈ بینک کی رپورٹ:
ورلڈ بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو خرچہ کم کرنا ہے تو بجلی اور پٹرول پر سبسڈی ختم کرے، پاکستان ’پائیدار نمو‘ معاشی ریفارمز کے ذریعے ہی حاصل کرسکتا ہے، دہری وزارتوں اور محکموں کو برقرار رکھنے کے علاوہ صوبائی نوعیت کے منصوبوں کو وفاق کے تحت وسائل مکمل کرنے سے سالانہ 800؍ ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ:
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ کرنے کے لۓ سعودی عرب سے ڈپازٹس کی صورت میں اضافی دو ارب ڈالرز ملنے کے امکانات کے بعد پاکستان کو اب متحدہ عرب امارات سے مزید ایک ارب ڈالرز ملنے کے حوالے سے جواب کا انتظار ہے۔