ایران: مزار پر حملے کے دو ملزمان کو سزائے موت سنادی گئی۔
مزار پر حملے میں ملوث دو ملزمان کو ایرانی عدالت نے سزائے موت سنادی
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، ایرانی عدالت نے گزشتہ سال اکتوبر میں مزار پر ہونے والے حملے سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایاـ جس میں عدالت نے دو ملزمان کو جرم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنادی۔
گزشتہ سال اکتوبر میں ایرانی شہر شیراز میں ایک مزار پر حملے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کی ذمہ داری کالعدم داعش نے قبول کی تھی۔
ایرانی صوبے فارس کے پراسیکیوٹر کے مطابق، دونوں مدعا علیہان کو عدالت نے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور دہشت گردی کی حمایت کرنے کے الزام میں سزا سنائی تھی، لیکن ان کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم داعش سے ہے اور وہ افغانستان میں اس نیٹ ورک کے رکن ہیں جہاں سے انہوں نے ایران میں کارروائیاں کرنے کے ذرائع حاصل کیے تھے۔
اس کے علاوہ عدالت نے اسی کیس میں مزید 3 ملزمان کو 5 سے 25 سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال حملے کے دوران جنوبی شہر شیراز میں واقع شاہ چراغ کے مزار پر حملہ آوروں نے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
حملہ آوروں میں سے ایک تاجک شہری کو پکڑ لیا گیا اور بالآخر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔